دورہ امریکا کے موقع پر مسلح افواج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے امریکی تھنک ٹینکس اور میڈیا کے ارکان سے ملاقات کی ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو یواین قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان بلاک پالیٹکس پر یقین نہیں رکھتا بلکہ پاکستان تمام دوست ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھنے پر یقین رکھتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے امریکی تھنک ٹینکس اور میڈیا ارکان سے خصوصی گفتگو کے دوران علاقائی سلامتی اور بین الاقوامی دہشت گردی پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا، انہوں نے جنوبی ایشیاء میں اسٹریٹجک استحکام کے لیے پاکستان کا نقطہ نظر بھی اُجاگر کیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال خدمات اور قربانیاں دی ہیں۔۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے مطابق پاکستان جیو پولیٹکل اور جیو اکنامک نقطہ نظر سے اہم ترین ممالک میں ہے، کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے،یکطرفہ اقدام کشمیریوں کی خواہشات کے خلاف تنازعہ کی نوعیت تبدیل نہیں کرسکتا۔ آئی ایس پی آرکے مطابق دورہ امریکا کے دوران سیاسی و عسکری قیادت کے ساتھ آرمی چیف کی بات چیت بہت مثبت رہی۔
Discussion about this post