اسلام آباد ہائیکورٹ کی کاز لسٹ کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر کے پاس 3، جب کہ جسٹس محمد آصف کے پاس 2 کیسز سماعت کے لیے مقرر تھے۔ جسٹس سرفراز ڈوگر کی کورٹ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل، ڈپٹی اٹارنی جنرل عبد الخالق اور ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد کے حکام نے تعارف کراتے ہوئے جسٹس سرفراز ڈوگر کو خوش آمدید کہا۔3 کیسز کی سماعت کی تاہم احتجاج کے باعث کوئی بھی پرائیوٹ وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ دوسری جانب جسٹس محسن اخترکیانی کی عدالت میں کیس کی سماعت کی ہوئی ، درخواست گزار نے خود پیش ہوکر وکلا کی ہڑتال کا بتایا تو جسٹس محسن اخترکیانی آرڈرمیں لکھوا دیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کے ٹرانسفرکے معاملے پر احتجاج کی وجہ سے وکیل پیش نہیں ہوئے، سماعت ملتوی کی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا رواں ہفتے کا نیا ڈیوٹی روسٹر جاری کیا گیا تھا، جس کے مطابق 3 فروری سے 7 فروری تک 6 ڈویژن بینچز اور 13 سنگل بینچز ہوں گے۔ نئے ٹرانسفر ہونے والے ججز دوسرے ڈویژن بینچ میں شامل ہوں گے، نئے آنے والے جسٹس سرفراز ڈوگر کو بینچ 2 ڈکلیئر کیا گیا ہے، سندھ ہائیکورٹ سے آنے والے جسٹس خادم حسین سومرو کا بینچ 9 ہوگا، بلوچستان ہائیکورٹ سے آنے والے جسٹس محمد آصف کا بینچ 12 ہوگا۔ چیف جسٹس کی ہدایت پر اسپیشل ڈویژن بینچ اور لارجر بینچ بھی دستیاب ہوگا۔
Discussion about this post