محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان کے متعلق 29 واں الرٹ جاری کردیا ہے جس میں اس جانب اشارہ کیا گیا ہے کہ طوفان کی شدت کمزور ہونے کے بعد یہ ایک درجہ ہوگئی ہے۔ دوپہر تک سمندری طوفان اب سائیکلونگ اسٹروم میں بدل جائے گا اور طوفان آج شام کو مزید کمزور ہونے کے بعد ڈپریشن میں تبدیل ہوجائے گا۔ طوفان کا کیٹی بندر سے فاصلہ گھٹ کر اب 180 کلو میٹر رہ گیا ہے جبکہ کراچی سے 270 کلو میٹر تک پہنچ گیا ہے۔
کراچی سمیت سندھ میں بارشوں کی پیش گوئی کی جارہی ہے۔ یاد رہے کہ جمعرات کو طوفان سندھ کی ساحلی پٹی سے ٹکرایا تھا۔ جس کا ابتدائی حصہ بھارتی ریاست گجرات کے علاقے سوراشترا اورجکھاؤ پورٹ کے ساحل سے ٹکرایا۔ پاکستان کی ساحلی پٹی سے ٹکرانے پر کیٹی بندر، کھارو چان، شاہ بندر، جاتی، بدین سمیت ملحقہ خطے متاثر ہوئے۔ ٹھٹھہ، بدین اور دیگر علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے جہاں کسی بھی قسم کے ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کے حفاظتی دستے موجود ہیں ۔
Discussion about this post