سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 10 خارجی دہشتگرد ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 24 سالہ کیپٹن حسنین اختر شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 20 مارچ 2025 کو سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔ آپریشن کے نتیجے میں تمام 10 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں ضلع جہلم سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ کیپٹن حسنین اختر نے جو اگلے دستوں کی قیادت کر رہے تھے، بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ کیپٹن حسنین بہادر نوجوان افسر تھے اور گزشتہ کئی آپریشنز کے دوران اپنی دلیری اور جرات مندانہ کارروائیوں کے لیے مشہور تھے۔ آپریشن کے دوران مارے گئے خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ ہلاک شدگان خارجی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔
Discussion about this post