صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دوسرے دورِ صدارت کے پہلے وائٹ ہاؤس رمضان افطار ڈنر کی میزبانی کرتے ہوئے 2024 کے صدارتی انتخابات میں "لاکھوں” مسلم امریکیوں کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ٹرمپ نے نومبر کے انتخابات میں مسلم کمیونٹی کی حمایت کو تسلیم کرتے ہوئے وعدہ کیا اور کہا کہ ہم آپ کے لیے موجود رہیں گے، جیسے آپ ہمارے لیے موجود رہے۔ انہوں نے اسٹیٹ ڈائننگ روم میں خطاب کرتے ہوئے کہا، جب ہم اسلامی مقدس مہینے رمضان کی تعظیم کر رہے ہیں، تو میں اپنے مسلمان دوستوں سے کہنا چاہتا ہوں، ہمارے ساتھ آج رات بہت سے لوگ موجود ہیں، اور میرے خیال میں پوری دنیا میں بھی، جیسا کہ مشی گن اور دیگر مقامات کے نتائج ظاہر کرتے ہیں، لیکن میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ان تمام افراد کو سلام جو ہمیں اتنی مضبوطی سے سپورٹ کر رہے ہیں۔ہم مسلم کمیونٹی سے کیے گئے وعدے پورے کر رہے ہیں۔ میری انتظامیہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں کر رہی ہے، اور تاریخی معاہدوں پر مزید کام کر رہی ہے، جن کے بارے میں سب نے کہا تھا کہ یہ ناممکن ہیں، اور اب ہم انہیں آگے بڑھا رہے ہیں،” انہوں نے مزید کہا۔
2024 کے انتخابات میں ایک تاریخی تعداد میں مسلم امریکیوں نے ٹرمپ کے حق میں ووٹ ڈالے، جو کہ اس کمیونٹی کی روایتی طور پر ڈیموکریٹک پارٹی کی حمایت سے ایک واضح تبدیلی تھی۔یہ تبدیلی زیادہ تر سابق صدر جو بائیڈن کی اسرائیل کے غزہ پر حملے کی حمایت کے باعث مسلم ووٹروں میں شدید ناراضگی کی وجہ سے آئی۔
Discussion about this post