2013 کے بعد سے الیکشن میں ووٹرز ٹرن آؤٹ میں مسلسل کمی آئی ہے جس سے عوام میں جمہوری حق استعمال کرنے کے حوالے سے بڑے پیمانے پر عدم دلچسپی کی نشاندہی ہوتی ہے۔ فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) کی رپورٹ کے مطابق 2013 میں ووٹر ٹرن آؤٹ 5۔55 فی صد تھا۔ 2018 میں ووٹر ٹرن آؤٹ کم ہوکر 52 فیصد اور 2024 میں 48 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ 11 برسوں میں ووٹرز کی تعداد میں مسلسل اضافے کے باوجود انتخابات کے دوران ووٹر ٹرن آؤٹ میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
2002 کے عام انتخابات میں 3 کروڑ ووٹ ڈالے گئے تھے، یہ تعداد 2008 میں 18 فیصد اضافے کے ساتھ 3 کروڑ 56 لاکھ 40 ہزار، 2013 میں 32 فیصد اضافے سے 4 کروڑ 69 لاکھ 10 ہزار، 2018میں 17 فیصد اضافے سے 5 کروڑ 47 لاکھ 30 ہزار اور 2024 میں 12 فیصد اضافے کے ساتھ 6 کروڑ 12 لاکھ 80 ہزار ہوگئی۔
مجموعی طور پر ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد 2002 کے الیکشن میں 3 کروڑ 12 ہزار 407 سے بڑھ کر 2024 کے الیکشن میں 6 کروڑ 12 لاکھ 82 ہزار 920 ہوگئی، ووٹوں کی تعداد میں اضافے کے باوجود ملک میں ووٹر ٹرن آؤٹ میں حالیہ عام انتخابات میں کمی دیکھنے میں آئی۔ رپورٹ میں شہری اور دیہی ٹرن آؤٹ کے درمیان بھی فرق بھی بیان کیا گیا ہے۔ 2024 میں شہری علاقوں میں ووٹر ٹرن آؤٹ 43.8 فیصد تھا جب کہ دیہی علاقوں میں 50.1 فیصد تھا۔
Discussion about this post