پاکستانی اداکار فواد خان کی بالی وڈ فلم ” عبیر گلال ” 9 مئی 2025 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی لیکن بھارت میں فواد خان کی شمولیت پر جاری تنازعے کے باعث فلم کو سخت مخالفت کا سامنا ہے، خاص طور پر مہاراشٹر میں، جہاں اس کی ریلیز کے خلاف احتجاج اور بائیکاٹ کی صدائیں بلند ہورہی ہیں۔ اب اسی احتجاج کے پیش نظر فلم کا میوزک دبئی میں لانچ کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ اس سلسلے میں 19 اپریل کو گلوبل ولیج میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہونے جارہی ہے۔ اس ایونٹ میں فلم کے مرکزی کردار فواد خان اور وانی کپور کے ساتھ ساتھ معروف موسیقار امیت ترویدی بھی شریک ہوں گے، جو فلم کے چند گانے لائیو پرفارم کریں گے۔ دوسری جانب مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کی طرف سے فلم کی مخالفت شدت اختیار کر چکی ہے۔ ایم این ایس کے سینئر رہنما امیہ کھوپکر نے فلم سازوں کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی فنکاروں پر مشتمل کسی فلم کو مہاراشٹر میں ریلیز نہیں ہونے دیں گے، اگر ہمت ہے تو ریلیز کر کے دکھائیں۔

Discussion about this post