وفاقی کابینہ نے وزارتِ خزانہ میں ٹیکس پالیسی آفس قائم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جس کے مطابق ٹیکس پالیسی سازی اور ٹیکس وصولی کو الگ الگ کر دیا گیا ہے، اب ایف بی آر صرف ٹیکس وصولی کے کام تک محدود رہے گا۔ ایف بی آر ریونیو بڑھانے کے لیے صرف ٹیکس تجاویز پر عمل درآمد پر توجہ دے گا۔ یہی نہیں ٹیکس پالیسی آفس براہِ راست وزیرِ خزانہ اور ریونیو کو رپورٹ کرے گا، ٹیکس پالیسی آفس حکومتی اصلاحاتی ایجنڈا بنانے پر کام کرے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکس پالیسی آفس ٹیکس پالیسیوں اور تجاویز کا تجزیہ کرے گا، ڈیٹا ماڈلنگ، ریونیو اور اکنامک فور کاسٹنگ کے ذریعے ٹیکس پالیسیوں اور تجاویز کا تجزیہ ہو گا۔ آئی ایم ایف کو ٹیکس پالیسی سازی اور وصولی کے عمل کو خود مختار رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، ٹیکس پالیسی آفس انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور ایف ای ڈی سے متعلق پالیسی رپورٹس وزیرِ خزانہ کو پیش کرے گا۔ ٹیکس فراڈ کم کرنے کے لیے خامیوں پر قابو پا کر ٹیکس کے نفاذ پر توجہ دی جائے گی، ٹیکس پالیسی آفس اگلے مالی سال سے کام شروع کر دے گا۔
Discussion about this post