پنجاب تھرمل امیجنگ کی جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا، مری اور راولپنڈی کے جنگلات میں تھرمل امیجنگ سے نگرانی، رات کے گشت کا آغاز کردیا گیا ہے، تھرمل امیجنگ سے جنگل میں آگ، درختوں کی کٹائی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی فوری اطلاع ممکن ہوسکے گی۔ جدید ٹیکنالوجی سے درجہ حرارت کا معلوم کیا جائے گا، سیٹلائٹ کے ذریعے لی جانے والی تصاویر اور لائیو فیڈ سے متعلقہ علاقے میں تمام سرگرمیاں دیکھی جا سکتی ہیں، آرٹی فیشل انٹیلیجنس کے ماہرین کی ٹیم کے ذریعے منصوبے پر عمل ہوگا۔
وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کے جنگلات میں تھرمل امیجنگ کی جدید ترین ٹیکنالوجی سے چوبیس گھنٹے سیٹلائٹ نگرانی کے نظام کا آغاز کردیا گیا۔ تھرمل امیجنگ جدید ترین الگوریتھم سے کام کرے گی، جدید ممالک کی طرح اس ٹیکنالوجی سے زراعت، حیوانات اور ماہی گیری کے منصوبوں کے فروغ میں بھی معاونت کی جائے گی ۔ شجرکاری کے علاوہ جنگلی حیات اور جنگلات کے وسائل کے تحفظ اور فروغ میں یہ بڑی کارآمد ہوگی۔ جدید ٹیکنالوجی کا خودکار نظام فوری نشاندہی کرے گا، ڈیٹا پروسیسنگ، تجزیہ، اور اطلاعات پر مبنی رپورٹس بھی فراہم کرے گا۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ جنگل کاٹنے دیں گے نہ آگ لگانے دیں گے نہ غیرقانونی شکار ہوگا، یہ غیرقانونی کام کرنے والے مجرموں کا جدید ٹیکنالوجی سے اب شکار ہوگا، تھرمل ٹیکنالوجی سے امن وامان کے حوالے سے بھی مدد لی جائے گی۔
Discussion about this post