این ڈی ایم اے نے بحیرۂ عرب میں ممکنا سمندری طوفان کا الرٹ جاری کردیا ہے جس کے مطابق اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں ممکنا طور پر طوفان پاکستان کا رخ کر سکتا ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان اب تک بنا ہی نہیں ہے، 9 یا 10 اکتوبر تک بحیرۂ عرب کے جنوب مشرق میں ہوا کا کم دباو بن سکتا ہے، اگر سازگار موسمی حالات ملتے ہیں تو ہوا کا کم دباو شدت اختیار کر سکتا ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ مون سون کے بعد بننے والے اکثر سمندری طوفان عمان کی جانب ہی جاتے ہیں، اس سسٹم کو شدت اختیار کرنے میں 5 سے 6 دن لگ سکتے ہیں۔ اُدھر ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ دو ہفتے میں بحیرۂ عرب میں ممکنہ طور پر سمندری طوفان بن سکتا ہے، طوفان کا ممکنہ رخ پاکستان کی طرف ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کراچی کا موسم آئندہ 4 سے 5 روز کے دوران گرم، کبھی شدید گرم اور خشک رہے گا۔شہر میں دن کے درجۂ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں زیادہ تر شمال مغرب سے گرم اور خشک ہوائیں چلیں گی۔
Discussion about this post