وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان طویل اور بڑے قرض کی تلاش کر رہا ہے، پاکستان اگلے پروگرام میں کم از کم 6 ارب ڈالر کا نیا ٹیب کھولے گا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سمیت دیگر مالیاتی اداروں سے مثبت بات چیت رہی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں چینی ہم منصب لان فوان سے بھی ملاقات کی اور سی پیک فیز 2 پر کام تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کے مطابق سی پیک چین کی طرف سے شاندار اور مثالی منصوبہ ہے، مختلف عالمی اداروں کے ساتھ مل کر متعدد منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ نے خوشخبری سنائی کہ پاکستان مالی سال 26-2025 کے دوران چینی پانڈا بانڈ لانچ کرنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کا پہلا مرحلہ انفراسٹرکچر کی تعمیر پر مبنی ہے جبکہ دوسرا خصوصی اقتصادی زونز کے آپریشنلائزیشن اور چینی نجی ملکیتی کمپنیوں کی منتقلی کے ذریعے اثاثوں کو مونیٹائز کرنے کے بارے میں ہوگا۔ ان کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ ایک وسیع اور توسیعی پروگرام میں داخل ہو رہا ہے اور چین کی حمایت کا منتظر ہے، چین نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی میں بھرپور ساتھ دیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان میں چینی شہریوں کے خلاف ہونے والے دہشت گردانہ حملے پر پاکستانی قیادت اور عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا اور چینی شہریوں کی حفاظت کیلیے ہر قسم کے انتظامات کے عزم کا اعادہ کیا۔
Discussion about this post