ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے چین کی جانب سے اپنی سیکیورٹی ٹیمز پاکستان بھیجنے کے معاملے پر رد عمل پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا پر چلنے والی خبریں قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں، پاک-چین دوستی کو ان قیاس آرائیوں سے خراب نہیں کیا جاسکتا ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان انسداد دہشتگردی اور چینی شہریوں کے تحفظ پر ڈائیلاگ ہوتے رہتے ہیں۔پاکستان ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور چینی شہریوں اور اداروں کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا جب کہ ہم پاکستان اور چین کی دوستی کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اس موقع پر ترجمان دفتر خارجہ نے لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے ساتھ ہونے والے واقعے پر کہا کہ کسی پاکستانی شہری کے ساتھ بدتہذیبی قابل قبول نہیں۔ خواجہ آصف کو دھمکیوں اور گالیوں کی مذمت کرتے ہیں جب کہ سابق چیف جسٹس کے معاملے پر پاکستانی ہائی کمیشن مقامی اتھارٹیز کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
Discussion about this post