پاکستانی دفترخارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ شام سے متعلق پاکستان کے اصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی،شام میں بدلتی ہوئی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور پاکستان نے ہمیشہ شام کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی حمایت کی ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق شام میں موجود تمام پاکستانی شہری محفوظ ہیں۔پاکستانی شہریوں کو احتیاط کرنے کا کہا گیا ہے، شام میں پاکستان کا سفارت خانہ شہریوں کی مدد کے لیے کھلا ہے، ابھی تک دمشق ایئرپورٹ بند ہے۔ پاکستانی سفارت خانہ پاکستانی شہریوں اور زائرین کے ساتھ رابطے میں ہے، دمشق ایئرپورٹ کھلنے کے بعد شہریوں کی واپسی کی جائے گی۔ یاد رہے کہ اتوار کو بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد شام میں 300 کے قریب پاکستانی زائرین پھنس گئے تھے، ہوٹل تک محدود ہونے کے باعث پاکستانی زائرین نے کھانے پینے کی اشیا ختم ہونے کی شکایت کی تھی تاہم پاکستانی سفارتخانہ زائرین سے مکمل تعاون کررہا ہے ۔ شام کے صدر بشار الاسد اتوار کو 24 سالہ اقتدار کے خاتمے پر ملک سے فرار ہونے کے بعد اہلخانہ سمیت روس پہنچ گئے تھے۔
Discussion about this post