ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی کے فیصلے پاکستانی قوم کرے گی اور کسی بیرونی دباؤ کا اثر نہیں ہونے دے گی۔ پاکستان نے ماضی میں بھی مختلف پابندیوں کا سامنا کیا ہے، مگر ملک نے ہمیشہ اپنی سکیورٹی پر توجہ مرکوز رکھی ہے اور مستقبل میں بھی ایسا ہی ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے امریکی پابندیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان پابندیوں کا پاکستان کے دفاعی فیصلوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔یہ اقدامات پاکستان کی دفاعی پوزیشن کو کمزور نہیں کر سکتے۔ خطے میں میزائل سسٹمز اور جوہری ٹیکنالوجی کی دوڑ کا آغاز بھارت نے کیا ہے اور بڑی طاقتوں کو بھارت کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے چاہیے تاکہ اس دوڑ کو روکنے میں مدد ملے۔ فوجی عدالتوں سے متعلق یورپی یونین کے تحفظات پر ردعمل دیتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان کے آئین اور عدالتوں میں اندرونی معاملات حل کرنے کی مکمل صلاحیت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنے اندرونی مسائل کو حل کرنا جانتی ہے اور اس معاملے میں کسی بیرونی مداخلت کی ضرورت نہیں ہے۔
Discussion about this post