وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، سفیر رضوان سعید شیخ اور قونصل جنرل عامر احمد آتوزئی نے پہلی ہارورڈ پاکستان کانفرنس میں شرکت کی۔ یہ کانفرنس پاکستان کی معاشی پیش رفت، اصلاحاتی ایجنڈے اور عالمی سطح پر شراکت داری کے مواقع کو نمایاں کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوئی۔ اپنے کلیدی خطاب میں، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کی معاشی استحکام اور بنیادی اصلاحات کی حکومتی کوششوں پر روشنی ڈالی، جن کا مقصد ایک مقابلہ جاتی، مضبوط اور جامع معیشت کی تشکیل ہے۔ انہوں نے پائیدار ترقی اور عالمی معیشت میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار پر زور دیا۔ امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو نظر انداز کرنا عالمی برادری کے لیے ممکن نہیں۔ انہوں نے عالمی مسائل کے حل کے لیے سفارتی تعاون اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ سفیرسعید شیخ نے پاکستان کے اسٹریٹیجک کردار کو اجاگر کرتے ہوئے عالمی مکالمے اور شراکت داری کو فروغ دینے کی اپیل کی۔
قونصل جنرل عامر احمد آتوزئی کی شرکت بھی اس بات کی عکاس تھی کہ پاکستان کا سفارتی مشن بین الاقوامی سطح پر ملک کے معاشی اور تزویراتی مفادات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ہارورڈ پاکستان کانفرنس میں پالیسی سازوں، ماہرین، اسکالرز اور طلباء نے شرکت کی، جہاں پاکستان کے معاشی مستقبل اور عالمی امور میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس کانفرنس نے پاکستان کے ترقیاتی وژن، اصلاحاتی عزم اور بین الاقوامی تعاون کی پالیسی کو مزید اجاگر کیا۔
Discussion about this post