آسٹریلوی سابق کپتان اور کمنٹیٹر مارک ٹیلر نے پاکستان اور بھارت کے میچ میں پاکستان کی شکست کی وجہ فری ہٹ کو قرار دیا۔ مارک ٹیلر کہتے ہیں کہ وقت آگیا ہے کہ کرکٹ قوانین میں تبدیلی کی جائے بالخصوص فری ہٹ کے اس قانون کو جس سے کسی بھی ٹیم کے لیے جیتی ہوئی بازی پلٹ جاتی ہے۔ مارک ٹیلر نے وکٹ پر گیند لگنے کے بعد رنز بنانے کے قانون پر بھی کڑی تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کوہلی بولڈ ہوگئے تھے لیکن گیند اسٹمپ سے ٹکرائی، جس کا فائدہ بیٹنگ سائیڈ کو نہیں اٹھانا چاہیے۔ اگر گیند اسٹمپ سے ٹکراتی ہے تو آپ کو درحقیقت غیر منصفانہ فائدہ ہو رہا ہے۔ مارک ٹیلر کا کہنا ہے کہ اُن کے خیال میں اگر بلے باز بولڈ یا فری ہٹ پر کیچ ہوجائے تو یہ آؤٹ نہیں لیکن اسٹمپ پر لگنے کی صورت میں اسے ڈیڈ ہی قرار دیا جائے۔ سابق آسٹریلوی کپتان نے اس کے باوجود کہا ہے کہ اب ضرورت ہے کہ فری ہٹ کے قانون میں واقعی کچھ تبدیلی لائی جائے۔ پاکستان اور بھارت کے میچ میں ہونے والی ناانصافی کے بعد یہ معاملہ بہت اہمیت اختیار کرگیا ہے۔
Discussion about this post