ایک خوف ناک اور گھناونی سازش کی جارہی ہے ۔ آپ سے رقم ہتھیانے کے لیے شاطرنئی چال چل رہے ہیں۔ ہوتا کچھ یوں ہے کہ آپ کے نمبر پر کال آتی ہے ۔ فراڈیے یہ اطلاع دیتے ہیں کہ آپ کے بھانجے ، بھتیجے یا پھر قریبی رشتے دار کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں دھوکے باز کسی ایک بھی تھانے کا نام لیتے ہیں اور ظاہر یہی کیا جاتا ہے کہ وہ کال کرنے والا شخص وہیں سے تعلق رکھتا ہے۔ آپ کو اطلاع دی جاتی ہے کہ آپ کے عزیز کو کسی لڑکی ، ڈرگ یا پھر کسی اور معاملے میں پکڑا گیا ہے۔ اب ایسے میں آپ کو چونکہ اچانک ہی کال ملتی ہے۔ تو یہ آپ کو اس قدر پریشر میں لے آتے ہیں کہ آپ ذہنی طور پر ان کے احکامات کے منتظر رہتے ہیں۔ اب جب آپ کی بہت اصرار کے بعد اس رشتے دار سے بات کرائی جاتی ہےجو دراصل ان فراڈیوں کے گروپ کا کارندہ ہوتا ہےتو وہ اس قدر دھاڑ مار مار کر رو رہا ہوتا ہے کہ آپ یہ جان نہیں پاتے کہ متعلقہ فرد آپ کا رشتے دار نہیں۔ وہ بس یہی صدائیں لگا رہا ہوتا ہے کہ آپ اسے بچا لیں۔ وہ آپ سے یہ بھی کہتا ہے کہ اس بات کا والدین کو نہ بتائیں۔
جس نے پہلے کال کی تھی وہ آپ کو اپنی باتوں کے جال میں ایسا پھنساتا ہےاور اس سارے واقعے کے خوف ناک پہلو بھی دکھاتا ہے کہ آپ خوف کا شکار ہوجاتے ہیں۔ اب آپ اپنے مبینہ رشتے دار کو بچانے کے لیے یہ درخواست بھی کرتے ہیں کہ اسے چھوڑ دیں تو یہاں سے اصل معاملات کا آغاز ہوتا ہے۔ آپ کو بتایا جاتا ہے کہ اگر اس مبینہ رشتے دار کی رہائی چاہیے تو کچھ رقم بطور رشوت دینی ہوگی۔ لین دین فائنل ہوتا ہے ۔ جس کے بعد آپ کو اکاؤنٹ نمبر دیا جاتا ہے زیادہ تر ایزی پیسہ اکاؤنٹ دیا جاتا ہے اور پھر آپ جانے انجانے میں رقم سے محروم ہوتے ہیں ۔ خاص کر ایسے میں جب آپ کے حواس بحال ہوتے ہیں تو آپ متعلقہ رشتے دار سے رابطہ کرتے ہیں تواس کا یہ انکشاف آپ پر بم کی طرح پھٹتا ہے کہ اس کے ساتھ ایسا کچھ نہیں ہوا۔ اس سلسلے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی صورتحال میں سب سے پہلے اپنے حواس پر قابو رکھیں۔ جس رشتے دار کا بتایا جارہا ہے اسے گرفتار کرلیا گیا ہے تو سب سے پہلے اس کے فون نمبر پر رابطہ کریں۔ کوشش کریں کہ جس تھانے کا بتایا جارہا ہے کہ اس کا انٹر نیٹ سے نمبر لے کر وہاں معلومات حاصل کریں۔ ایسی کال ملنے پر وقت لیں۔ یاد رکھیں کہ اگر آپ پریشان یا گھبرائیں گے نہیں تو کوئی بھی آپ کے ساتھ فراڈ نہیں کرسکے گا۔
Discussion about this post