فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں مسیحی برادری کے گرجا گھروں اور املاک کو نذرآتش اور حملہ کرنے کے الزام میں پنجاب پولیس نے اب تک 600 سے زائد افراد کو حراست میں لے کر ان کے خلاف دہشت گردی کے 2 مقدمات درج کرلیے ہیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمات میں انسداد دہشت گردی اور توہین مذہب سمیت 13 سے زائد دفعات لگادی گئیں۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اُس نے مسجد سے اعلان کرکے عوام کو مشتعل کرنے والے شخص یاسین کو وائرل ویڈیو کی مدد سے گرفتارکرلیا ہے۔ مختلف ویڈیوز کے ذریعے دنگا فساد میں ملوث مزید ملزمان کی شناخت اور گرفتاریوں کی کوشش جاری ہے۔ فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ نے تاحکم ثانی دفعہ 144 نافذ کررکھی ہے اور کشیدہ صورتحال کی وجہ سے جڑانوالہ میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے حالات قابو میں رکھنے کے لیے رینجرز کی2 کمپنیاں مختلف مقامات میں تعینات کر دی گئی ہے۔
Discussion about this post