رواں سال سعودی حکومت نے پاکستان کو مجموعی طورپر ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج کا کوٹہ دیا ہے، اس میں سے تقریباً 89 ہزار 602 لوگ سرکاری اسکیم کے تحت حجاز مقدس کا سفر کریں گے جب کہ باقی افراد نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج کی سعادت کے لیے روانہ ہوں گے۔ رواں سال کی حج پالیسی دستاویز کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کی طرف سے مقرر کردہ شرائط کے تحت خواتین اکیلے حج کے لیے سعودی عرب کا سفر کر سکتی ہیں۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے 6 اور 7 جون 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق خاتون (بغیر محرم) کو ان شرائط کے ساتھ حج کی اجازت دی جائے گی کہ اسے اس کے والدین نے اجازت دی ہو اور شادی شدہ ہونے کی صورت میں اس کے شوہر نے اجازت دی ہو، کونسل کی طرف سے بتائی گئی شرط کے مطابق خاتون قابل بھروسہ خواتین حجاج کے گروپ کے ساتھ سفر کرسکتی ہے جب کہ اس کی عزت کو کوئی خطرہ نہیں نہ ہو۔ ماضی میں پاکستانی خواتین حج کے لیے اکیلے سعودی عرب نہیں جا سکتی تھیں۔ 2021 میں سعودی حکومت نے حج اور عمرہ کے لیے خواتین کے اکیلے سفر کرنے پر عائد پابندی ختم کردی تو اس اقدام کو سعودی سیاسی قیادت کی جانب سے ملک میں خواتین کے حقوق کی صورتحال کو بہتر بنانے کی مہم کا حصہ قرار دیا تھا۔
Discussion about this post