وزیراعظم شہباز شریف کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید نے اس جانب اشارہ کیا ہے کہ ہیٹ ویو کی لہر جون کے آخری ہفتے تک برقرار رہ سکتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے مختلف شہروں میں ہیٹ ویو کا آغاز ہوچکا ہے اور جون تک ہیٹ ویو کے3اسپیل آئیں گے۔ ان کے مطابق پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ سرفہرست ممالک میں شامل ہے، پاکستان کا گلوبل وارمنگ میں شامل ہونا قدرتی نہیں بلکہ انسانی وجوہات کی وجہ سے ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کے پہلے اسپیل کا آغاز ہوگیا ہے جو جون کے آخری ہفتے تک برقرار رہے گا۔
اُدھر کراچی میں گرمی کی شدت جوں کی توں ہے۔ شہر میں پارہ 39 ڈگری تک پہنچ گیا، شہری انتظامیہ کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر ہیٹ ریلیف کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں۔ لاہور بھی تپتی گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ محکمہ موسمیات نے لاہور میں بھی گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کردیا، جب کہ لاہور اور فیصل آباد میں درجہ حرارت 44 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ دوسری جانب موہنجودڑو اور دادو میں درجہ حرات 49 ڈگری، سکھر اور نوابشاہ میں 48 ، حیدر آباد میں 46 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں درجہ حرارت 46 ڈگری، ملتان، ساہیوال اور سرگودھا میں 45 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
Discussion about this post