ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے متعدد علاقوں میں پیر سے دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کا امکان ہے جب کہ بعض علاقوں میں دوپہر اور رات کے وقت گرم اور گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔ اس دوران دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری سنٹی گریڈ تک اضافہ متوقع ہے۔ گرمی کی متوقع لہر کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق خشک موسم اور گرمی کی شدت ہیٹ اسٹروک کے ساتھ ساتھ آبی ذخائر پر دباؤ کا باعث بن سکتی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تیز دھوپ میں نکلتے وقت خصوصی احتیاط برتیں۔
بزرگ شہریوں اور بچوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک براہ راست دھوپ میں نکلنے کی جدوجہد نہ کریں ۔ کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی فصلوں کے لیے پانی کا مناسب انتظام یقینی بنائیں۔ محکمہ صحت کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ہیٹ اسٹروک سینٹرز فعال رکھے جب کہ پیرا میڈیکل اسٹاف اور ریسکیو ٹیموں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے مویشیوں اور پالتو جانوروں کے تحفظ کے لیے بھی ہدایات جاری کی ہیں۔ عوام سفر سے قبل اپنی گاڑیوں کے انجن کا پانی اور ٹائر کا پریشر لازمی چیک کریں۔
Discussion about this post