ہیتھرو ایئرپورٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ایئرپورٹ سے ملحقہ سب اسٹیشن میں آگ لگنے کی وجہ سے ہیتھرو ایئرپورٹ کو بجلی کی شدید بندش کا سامنا ہے، مسافروں اور ملازمین کی حفاظت کو برقرار رکھنے کے لیے ہیتھرو کو 21 مارچ کو 23 بجکر 59 منٹ تک بند رکھا جائے گا۔ آگ بجھانے کے لیے 10 فائر ٹینڈرز اور تقریبا 70 فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ تقریبا 150 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے اور حکام نے احتیاط کے طور پر 200 میٹر کا محاصرہ قائم کیا ہے۔ فائر فائٹرز نے ارد گرد کی 29 عمارتوں سے 29 افراد کو محفوظ مقام پر پہنچایا ۔ ایئرپورٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ہیتھرو کا سفر نہ کریں اور مزید معلومات کے لیے اپنی ایئرلائن سے رابطہ کریں۔ معلوم ہوا ہے کہ ہیتھرو ایئرپورٹ کے قریب آگ لگنے کی وجہ سے 1300 سے زائد پروازیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس سے ممکنہ طور پر ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
Discussion about this post