چیمپئینز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت کی جانب سے پاکستان آنے سے انکار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے تحریری وجوہات طلب کرلیں۔ بھارتی ٹیم کے شریک نہ ہونے سے آئی سی سی کو 50 کروڑ ڈالرز کا نقصان ہوگا۔ بھارت کی مسلسل ہٹ دھرمی کی وجہ سے ایونٹ کے شیڈول کا اعلان تاخیر کا شکار ہے جب کہ مزید چند روز تک اعلان میں ناکامی پر آئی سی سی کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ آئی سی سی نے ایونٹ سے قبل ’100 ڈیز ٹو گو‘ کے موقع پر ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کرنے کا پروگرام بنایا تھا مگر حالیہ پاک ۔ بھارت ڈیڈ لاک کی وجہ سے اعلان نہیں کیا جاسکا۔ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
Discussion about this post