تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تقاریر کو براہ راست نشر کرنے سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہر من کی سربراہی میں ہوئی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہر شہری محب وطن ہے عمران خان کا اتوار والے دن کا بیان ناقابل سمجھ ہے۔ کیا وہ آرمڈ فورسز کا مورال ڈاؤن کرنا چاہتے ہیں؟ چیف جسٹس نے سابق وزیراعظم کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے دریافت کیا کہ اگر کوئی یہ کہے کہ فلاں محبت وطن ہے اور فلاں نہیں ۔ کیا کوئی یہ کہہ سکتا ہے کہ آرمڈ فورسز کا کوئی جنرل محب وطن نہیں ہو گا؟ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے مطابق غیر ذمے دار بیانات دیے گئے، جب عوام میں ایسے بیان دیے جاتے ہیں تو اس کا اثرزیادہ ہوتا ہے۔ اس قسم کی غیر آئینی بات اور اشتعال انگیزی آزادی اظہار رائے میں نہیں آتی۔ ایسی اشتعال انگیز باتیں اور بیانات ہوں اور پی ٹی آئی وکلا چاہتے ہیں کہ پیمرا کنٹرول بھی نہ کرے ؟ چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ افواج پاکستان ہمارے لیے جان قربان کرتے ہیں۔ آپ چاہتے ہیں جو مرضی کہتے رہیں اور اس کو ریگولیٹ بھی کیا جائے۔ کسی کے پاس یہ سرٹی فکٹ تقسیم کرنے کا اختیار نہیں کہ کون محب وطن اور کون نہیں؟۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق پیمرا کو ریگولیٹ کرنے کی ہدایت کردی۔
ججوں کو ہر موضوع پر تبصرہ نامناسب ہے، فواد چوہدری
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے بذریعہ ٹوئٹ کہا ہے کہ جج صاحبان کا ہر موضوع پر تبصرہ دینا نامناسب ہے۔ اُن کے مطابق عمران خان نے نواز شریف اور آصف زرداری کو ڈان اور میمو گیٹ کے تناظر میں سیکیورٹی رسک کہا، اُن کی جائیدادیں، بچے تمام تر مفادات ملک سے باہر ہیں لہٰذا اس بیان کو فوج یا فوج کی قیادت سے جوڑنا درست نہیں۔ ہر جرنیل اور پاکستانی شہری محب وطن ہے، عمران خان نے میرٹ پر تقرری کی بات کی تھی ویسے بھی یہ سیاسی معاملہ ہے عدالتی نہیں۔
جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے عمران خان نے غیر محب وطن کا ذکر ہی نہیں کیا تھا ہر جرنیل اور پاکستانی شہری محب وطن ہے، عمران خان نے میرٹ پر تقرری کی بات کی تھی ویسے بھی یہ سیاسی معاملہ ہے عدالتی نہیں، جج صاحبان کا ہر موضوع پر کمنٹس دینا نامناسب ہے https://t.co/gzAJR9BCEt
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 5, 2022
آصف زرداری کا عمران خان پر وار
سابق صدر آصف علی زرداری نے دو ٹوک لفظوں میں کہا ہے کہ اداروں اور جرنیلوں کو عمران خان کی ہوس کی خاطر متنازعہ نہیں بننے دیں گے۔ سابق صدر کے مطابق ساری قوم کو نظر آ رہا ہے کہ اس قوم کا فتنہ کون ہے، آج سب کو انسان اور حیوان کا معلوم ہوگیا۔ ہمارے ہر سپاہی سے لے کر جرنیل تک ہر ایک بہادر اور محبِ وطن ہے۔
آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کو کمزور کرنے کا کہیں سے ٹھیکہ لیا ہوا ہے جو ہمارے جیتے جی نہیں ہو سکتا۔ سیلاب زدگان کی مدد کرنے کے بجائے عمران خان جلسہ جلسہ کھیل رہے ہیں۔
عمران خان نے کیا کہا تھا ؟
اتوار کو فیصل آباد کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری الیکشن سے اس لیے بھاگ رہے ہیں کہ یہ نومبر میں اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانا چاہتے ہیں۔ جن کی پوری کوشش ہے کہ اپنا آرمی چیف لائیں جو ان کے حق میں بہتر ہو، یہ ڈرتے ہیں کہ تگڑا اور محبِ وطن آرمی چیف آ گیا تو وہ ان سے پوچھے گا۔
Discussion about this post