عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے فوج سے مذاکرات کرنے کی آرزو کا اظہار کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فوج پر کبھی الزامات نہیں لگائے بلکہ ہم نے تنقید کی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں کہ ذوالفقار علی بھٹو کی سزا کے پیچھے جنرل ضیا تھا اور سقوط ڈھاکا کے پیچھے جنرل یحییٰ خان کا ہاتھ تھا۔ اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ آپ فوج پر الزامات لگاتے ہیں اور انہی سے مذاکرات بھی چاہتے ہیں، سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کیوں نہیں کرتے۔ جس پر بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ایس آئی ایف سی کیا ہے اور محسن نقوی کون ہے؟ ملک میں غیر اعلانیہ مارشل لاء نافذ ہے اور محسن نقوی انہی کا تو نمائندہ ہے، وہ یہاں انہی کے ذریعے پہنچا۔ محمود خان اچکزئی کو ہم نے مذاکرات کا مینڈیٹ دیا تھا لیکن دوسری طرف سے کوئی نام سامنے آتا تو ہم بات کرتے۔ صحافی نے سوال کیا کہ آپ کہتے ہیں کہ محسن نقوی انکا نمائندہ ہے، اگر ادھر سے محسن نقوی کو مذاکرات کا اختیار دیا جائے تو آپ مذاکرات کریں گے؟ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی سے کبھی بات نہیں کروں گا، اس نے آئی جی پنجاب سے ملکر ہمارے لوگوں پر ظلم کیا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ مذاکرات کے لیے پہلا مطالبہ ہے چوری کیا گیا مینڈیٹ واپس کیا جائے، مذاکرات کے لیے دوسرا مطالبہ گرفتار کارکنان کی رہائی اور مقدمات کا خاتمہ ہے جبکہ تیسرا مرحلہ ملک بچانے کا ہے جو صاف شفاف الیکشن کے بغیر ممکن نہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے اسمبلیوں سے استعفے کی جو بات کی ہے وہ تیسرے مرحلے کی بات کر رہے ہیں۔
Discussion about this post