سکھ رہنما کے قتل کے بعد سے کینیڈا اور بھارت کے سفارتی تعلقات تناؤ کا شکار ہیں۔ اسی تناظر میں بھارت نے کینیڈا میں موجود اپنے شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی ہے جس میں بھارتیوں کو احتیاط کا مشورہ دیا گیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق کینیڈا میں بھارت مخالف ایجنڈے کی مخالفت پر سفارتکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے، بھارتی شہری کینیڈا کے مخصوص علاقوں کے سفر سے گریز کریں۔ یاد رہے کہ کچھ ایسی ہی ایڈوائزری منگل کو کینیڈین حکومت بھارت میں موجود اپنے شہریوں کے لیے جاری کرچکی ہے۔ کینیڈا نے اپنے شہریوں کو آسام، منی پور، مقبوضہ کشمیر اور انڈیا میں پاک بھارت سرحد کے قریبی علاقوں میں سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی تھی۔ کنیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پیر کو پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت خالصتان رہنما ہردیپ نجر کے قتل میں ملوث ہوسکتا ہے۔ سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا میں گوردوارے کے سامنے 18جون کو قتل کردیا گیا تھا۔
Discussion about this post