ہالی ووڈ کے معروف اداکار بریڈ پٹ ایک بار پھر اپنی زندگی کا نیا سفر شروع کرنے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، انہوں نے اپنی قریبی ساتھی اور زیورات کی ڈیزائنر انیس ڈی رامون سے منگنی کر لی ہے۔ یہ خبر اس وقت سامنے آئی جب ایک بین الاقوامی ویب سائٹ نے انکشاف کیا کہ بریڈ پٹ نے نیوزی لینڈ روانگی سے قبل انیس کو شادی کی پیشکش کی تھی۔ بریڈ پٹ اس وقت اپنی سابقہ زندگی، خاص طور پر انجلینا جولی سے طویل اور صبر آزما طلاق کے عمل سے نکل چکے ہیں۔ وہ اب خود کو آزاد اور ہلکا پھلکا محسوس کر رہے ہیں، اور وہ انیس کو یہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ وہ ہر حال میں ان کے ساتھ رہیں گے، چاہے انہیں کام کے سلسلے میں کہیں بھی جانا پڑے۔
منگنی کے بعد، بریڈ نے انیس کو کئی محبت بھرے تحفے دیے اور انہیں اپنی نئی فلم کے سیٹ پر، جو نیوزی لینڈ میں ہے، مدعو بھی کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رواں سال گرمیوں کے آخر یا خزاں کے آغاز میں ایک نجی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جو کسی گرجا گھر میں منعقد ہو گی۔ انیس ڈی رامون ایک 32 سالہ زیورات بنانے والی ماہر ہیں جن کا شوبز کی دنیا سے کوئی تعلق نہیں۔ یہی سادگی بریڈ پٹ کے لیے باعثِ سکون بنی ہے۔ قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ بریڈ کو انیس کا شوبز سے باہر ہونا بے حد پسند آیا ہے، کیونکہ اس رشتے میں نہ مقابلے کا عنصر ہے، نہ شہرت کی دوڑ، اور یہی چیز انہیں جذباتی طور پر پُرسکون رکھتی ہے۔
یہ بریڈ پٹ کی تیسری ممکنہ شادی ہو گی۔ اس سے قبل، انہوں نے سن 2000 میں جینیفر اینسٹن سے شادی کی تھی جو 2005 میں ختم ہو گئی۔ بعد ازاں، ان کا تعلق انجلینا جولی سے قائم ہوا اور 2014 میں دونوں نے شادی کی۔ تاہم، یہ رشتہ بھی چل نہ سکا اور ان کی طلاق کا مقدمہ تقریباً آٹھ سال چلنے کے بعد، 30 دسمبر 2024 کو ختم ہوا۔
Discussion about this post