تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی اسپتال سے ایک اور ویڈیو جاری کردی گئی ہے۔ جس میں وہ خاصے صحت مند ہیں اور اسپتال عملہ اُن سے کھانے کے بارے میں دریافت کررہا ہے۔ جس پر شہاز گل کا کہنا ہوتا ہے کہ کچھ بھی لادیں،جو بھی دیں گے وہ کھالیں گے۔ اس نئی ویڈیو میں شہباز گل سے پانی بھی پوچھا جاتا ہے۔ شہباز گل ویڈیو میں یہی کہتے ہوئے نظر آئے کہ کھانے کے بعد فوراً نیبولائز کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ ہفتے کوبھی شہباز گل کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، جس کے متعلق تحریک انصاف کا دعویٰ تھا کہ یہ ڈیپ فیک سے بنی ہوئی ہے۔
شہباز گل کی ایک اور وڈیو ریلیز کی گئی ہے جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ کچن اسٹاف کو ہدایات دے رہے ہیں۔
لہذا وڈیوز ایڈیٹ اور ڈیپ فیک ٹیکنالوجی سے لنک ہونے کا تاثر درست نہیں ہے۔ pic.twitter.com/OsQRMwKKIB— Expose Propaganda (@EPropoganda1) August 21, 2022
اُدھر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہباز گل پر تشدد کا واویلا مچایا جارہا ہے،جسے اب پوری طرح بے نقاب کرکے دم لیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ شہباز گل پر کسی بھی قسم کا کوئی تشدد نہیں ہوا۔ شہباز گِل 9 سے 11 اگست تک اسلام آباد پولیس کی تحویل میں رہے اور پولیس انتظامیہ سے حاصل معلومات کی بنا پر بھی وہ پورے وثوق سے کہتے ہیں کہ شہباز گل پر کوئی تشدد نہیں ہوا۔ عمران خان ہی شہباز گل پر جنسی تشدد کا الزام لگا رہے ہیں لیکن ثبوت پیش نہیں کررہے۔ شہباز گِل نے کسی جگہ نہیں کہا کہ اُن پر جنسی تشدد ہوا ، کسی کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے تو متاثرہ شخص کو حق ہے کہ وہ شکایت کرے۔ وفاقی وزیر داخلہ کہتے ہیں فوج کے خلاف مہم سے توجہ ہٹانے کے لیے شہباز گل پر تشدد کا بیانیہ گھڑا گیا۔
رانا ثنا کے مطابق عمران خان نے خاتون جج کو نام لے کر دھمکی دی۔ وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ سانحۂ لسبیلہ کے شہدا کے خلاف عمران خان کی پشت پناہی میں منظم مہم چلائی گئی، اب نجی ٹی وی پر دیے گئے بیانیے سے توجہ ہٹانے کے لیے ڈرامہ کیا جا رہا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ایک اور ہنگامی پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ آئی جی اور ڈی آئی جی کے خلاف کیس کریں گے، خاتون مجسٹریٹ کے خلاف بھی کیس کریں گے۔ انہوں نے عمران خان کے بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جو تشدد کو سنجیدہ مسئلہ نہیں سمجھتا اسے جج رہنے کا کوئی حق نہیں۔ اگر شہباز گل پر تشدد نہیں ہوا تو پھر انکوائری سے کیوں بھاگ رہے ہیں۔ فواد چوہدری کہتے ہیں کہ رانا ثنا پر جس طرز کا تشدد ماضی میں ہوا، حیران ہیں کہ انہوں نے کچھ سیکھا ہی نہیں ۔
Discussion about this post