انضمام الحق نے سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر کے حالیہ بیان پر انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔ گواسکر نے پاکستان کی ٹیم کو کمزور قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وہ بھارت کی بی یا سی ٹیم سے بھی مقابلہ کرنے کے قابل نہیں۔ سابق بھارتی کپتان کا تو یہ بھی کہنا تھاکہ پاکستانی بیٹرز میں میچ جیتنے کی صلاحیت نظر نہیں آ رہی، انہوں نے پاکستان میں مضبوط بیک اَپ کھلاڑیوں کی کمی کو بھی ایک بڑی کمزوری قرار دیا۔ ان کے مطابق پاکستان ہمیشہ سے باصلاحیت کھلاڑی پیدا کرتا آیا ہے، مگر حالیہ برسوں میں وہ ایک ایسی بیٹنگ لائن تیار کرنے میں ناکام رہا ہے جو عالمی معیار پر پورا اتر سکے۔
سابق پاکستانی کپتان انضمام الحق نے سنیل گواسکر کے اس بیان پر سخت ردعمل دیا اور انھیں اپنے الفاظ کے انتخاب میں محتاط رہنےکا کہا ہے۔ انضمام کے مطابق گواسکر ایک سینئر کرکٹر ہیں، ان کی عزت کی جاتی ہے مگر کسی دوسرے ملک کی ٹیم کے بارے میں اس انداز میں بات کرنا مناسب نہیں۔ گواسکر کو اپنے بیانات سے پہلے اعداد و شمار دیکھنے چاہییں اور سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے۔ اگر بھارت کی ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے تو انھیں اپنی ٹیم کی تعریف کرنی چاہیے مگر کسی اور ملک کی ٹیم کے بارے میں اس طرح کے الفاظ استعمال کرنا غیر ضروری ہے۔ کرکٹ ایک کھیل ہے اور اس میں ہر ٹیم کی اپنی صلاحیتیں اور کمزوریاں ہوتی ہیں مگر کسی ٹیم کو سرِ عام کمتر قرار دینا مناسب طرزعمل نہیں۔
Discussion about this post