پاکستان 15اور 16اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت کی کونسل کے 23 ویں اجلاس کی میزبانی کررہا ہے جو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جناح کنونشن سینٹر میں ہوگا۔ جس میں شرکت کے لیے معزز مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے‘ چین‘ بھارت‘ روس‘ ایران اور کرغزستان کے وفود پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ بھارت کا 4 رکنی جبکہ روس کا 76رکنی وفد اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا‘ اس کے علاوہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سات نمائندے بھی پاکستان پہنچ گئے۔ چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ آج اسلام آباد پہنچیں گے‘چین کا 15 رکنی، کرغزستان کا چار اور ایران کا دو رکنی وفد بھی پہنچ گیا جنہیں سخت سکیورٹی میں وفاقی دارالحکومت پہنچادیا گیا۔اس موقع پرسکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں ۔سفارتی ذرائع کے مطابق ایس سی او کانفرنس میں شرکت کےلیے ایرانی اول نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف کی 15 اکتوبر کو پاکستان آمد متوقع ہے۔ چینی وزیراعظم کے ساتھ وزارت خارجہ اور تجارت کے حکام بھی ہمراہ ہوں گے۔ چینی وزیراعظم صدر آصف علی زرداری کے ساتھ ساتھ پارلیمانی رہنماؤں اور اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
Discussion about this post