چیئرمین کمیٹی خورشید شاہ کی صدارت میں خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے پر گفتگو ہوئی۔ معلوم ہوا ہے کہ حکومتی اتحادی جماعتوں اور جے یو آئی میں آئینی عدالت کے قیام کی 26ویں آئینی ترمیم ڈراپ کرنے اور آئینی بینچ کی تشکیل پر اتفاق ہوگیا۔ حکومت اور جے یو آئی نے مشترکہ مسودے پر پی ٹی آئی سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا۔ مولانا فضل الرحمان حتمی مسودہ پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ شیئر کریں گے اور مسودے کی تیاری حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا جو کل نماز جمعہ کے بعد دوبارہ ہوگا۔ اس موقع پر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کا مسودے پر اتفاق ہوگیا ہے، آج پی ٹی آئی نے مسودہ نہیں لیا، وہ آج شام جمیعت علمائے اسلام کے ساتھ بیٹھے گی۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آج بہت اچھی خبریں ملیں گی انتظار کریں۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ اتفاق رائے کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں، بس اب ایک پھونک کی دیر ہے، جو کمیٹی مارے گی۔ اس سے قبل آج کے اجلاس میں آئینی ترمیم سے متعلق خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی نے جبر کے ذریعے ایم این ایز پر دباؤ ڈالے جانے اور ان کے اہل خانہ کے اغوا کا معاملہ اٹھادیا۔
Discussion about this post