ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ بلوچ راجی مچی اور اس کی نام نہاد لیڈر شپ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ مافیا کی پراکسی ہے۔ فوج کسی خاص سیاسی سوچ، زاویے، پارٹی، مذہب اور مسلک کو لے کر نہیں چل رہی بلکہ پاکستان اور ترقی کو لے کر چل رہی ہے، جس میں کبھی نہیں ہچکچائی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے پچھلی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ حالیہ عرصے میں پاک فوج کے خلاف منظم پراپیگنڈے اور جھوٹی خبروں میں اضافہ ہوا ہے، بڑھتے جھوٹ اور پراپیگنڈے کے پیش نظر ہم نے تواتر سے پریس کانفرنس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات اور افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہی دیتے رہنا ضروری ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسورسے نمٹنے کے لیے روزانہ 100 سے زائد آپریشنز افواج پاکستان، انٹیلیجنس، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک میں فوج کی معاشی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، ہمارے ہاں تنقید ہوتی ہے۔
Discussion about this post