پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی ار کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر منفی مہم کی گئی۔ اس پروپیگنڈے سے ادارے ہی نہیں شہدا کے لواحقین کی بھی دل آزاری ہوئی۔ یہ بے حسی کا رویہ ناقابل قبول ہے، جس کی ہر سطح پر مذمت ہونی چاہیے۔ اس طرح کی منفی مہم کی وجہ سے افواج پاکستان کی صفوں میں شدید غم و غصہ ہے۔ افواج پاکستان کے ساتھ اس مشکل اور تکلیف دہ گھڑی میں پوری قوم کھڑی ہے۔ ” جیو نیوز” سے گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ قیاس آرائیوں سے اجتناب کرنا چاہیے۔ پاکستان کے دشمن ممالک کی طرف سے یہ چیزیں فیڈ کی جاتی ہیں۔ اس سے صرف اپنے ملک و قوم کا نقصان ہوتا ہے۔ اس سانحے کے بعد پورا ادارہ ایک کرب اور دکھ کی کیفیت سے دوچار تھا۔ اس دوران سوشل میڈیا پر ایک مخصوص طبقے نے بہت ہی غلط قسم کا پروپیگنڈا کیا۔
یاد رہے کہ افواج پاکستان کا ہیلی کاپٹر یکم اگست کی رات لسبیلہ کے قریب لاپتہ ہوا تھا، جس میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کے علاوہ کوسٹ گارڈ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل امجد حنیف ستی اور عملے کے 4 افراد سوار تھے۔ یہ افسران لسبیلہ میں سیلابی امدادی سرگرمیوں کی نگرانی میں مصروف تھے۔ بعد میں ہیلی کاپٹر کا ملبہ موسی گوٹھ نامی علاقے سے مل گیا تھا۔ جس کے بعد معلوم ہوا کہ ہیلی کاپٹر میں سوار سبھی افسران اور عملہ شہید ہوگیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔
Discussion about this post