سپریم کورٹ میں اٹارنی جنرل نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں ان کی حالت اور سہولیات کے بارے میں رپورٹ جمع کرادی ہے۔ جس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو سب سے محفوظ ہائی آبزَرویشن بلاک میں رکھا گیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی برابر والی بیرکس کو بھی خالی رکھا گیا ہے۔ انہیں وائٹ واش، پکا فرش اور پنکھے کی سہولت حاصل ہے۔ بیرک کا سائز 9 بائی11ہے۔ واش روم کی دیوار 6 فٹ بلند اور واش روم کا سائز 4×7 ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو میٹرس، ایئرکولر، 4 تکیے، میز اور کرسی بھی دی گئی ہے ، 4 قرآن پاک بمعہ انگلش ترجمہ اور 25 تاریخی کتابیں دی گئی ہیں۔ 21 انچ کا ٹی وی اور روزانہ اخبار کی سہولت بھی ہے۔ یومیہ بنیاد پر بیرک، واش روم اور کپڑوں کی صفائی کے لیے عملہ بھی ہے۔ سیکیورٹی کے لیے جیل میں اضافی 54 اہلکاروں موجود رہتے ہیں ۔ قانون کے مطابق قیدی کے گھر والے منگل کو 2 سے 3 گھنٹے اور قیدی کے وکلا بدھ کو 2 سے 3 گھنٹے کی ملاقات کرسکتے ہیں، 7 تا23 اگست 3 بار اہلیہ اور 3 بار وکلا کی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جاچکی ہے۔ اٹارنی جنرل کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کا معائنہ 5 ڈاکٹرز کی ٹیم کرتی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو ناشتے میں بریڈ، آملیٹ، دہی اور چائے کی سہولت حاصل ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو دن اور رات کے کھانے میں تازہ پھل، سبزیاں، دالیں اور چاول بھی مینیو کے مطابق دیے جاتے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی خواہش پر ہفتے میں 2 بار دیسی چکن اور ہفتے میں ایک بار دیسی گھی میں پکا ہوا مٹن بھی دیا گیا۔
Discussion about this post