اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ انہیں وزیراعظم ،صدر اور خالد مقبول صدیقی کا اعتماد حاصل ہے۔ گورنر ہاؤس کے دروازے عام شہریوں کیلئے کھلے ہیں، گورنر ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کا دعویٰ کسی اور کا تھا۔ یاد رہے کہ جمعہ کو یہ خبر گردش میں تھی کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی نے فیصلہ کرلیا ہے کہ سندھ کا گورنر تبدیل کیا جائے۔ دونوں جماعتوں نے اتفاق رائے سے سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کو یہ ذمے داری دینے کا ارادہ کیا ہے۔ اس خبر پر ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی گورنر کی تبدیلی سے متعلق افواہیں چلتی رہی ہیں۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم سے کسی نے نہ بات کی نہ کوئی مشاورت ہوئی، تمام طبقات میں کسی گورنر کی قبولیت ہوئی تو وہ کامران ٹیسوری کی ہوئی۔ ایم کیو ایم کا موقف ہے کہ اگر گورنر سندھ کی تبدیلی ہوئی تو وہ حکومت سے اتحاد جاری رکھنے کے بارے میں کوئی فیصلہ کرنے کے موڈ میں آجائے گی۔
Discussion about this post