صوبائی وزیر ذوالفقار علی شاہ نے کراچی کے فیریئر ہال سے پینٹگز کے غائب ہونے سے متعلق تحقیقات کے لیے کمیٹی بنا دی۔ معلوم ہوا ہے کہ 2 رکنی کمیٹی معاملے پر تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔ یاد رہے کہ نوجوان مصور صفدر علی کا کہنا تھا کہ اس کے 7 سال پہلے گم شدہ مصوری کے فن پارے اسے ٹی وی ڈرامے میں نظر آئے۔ صفدر علی نے 2017 میں یہ فن پارے نمائش میں کراچی کے فریئر ہال میں جمع کرائے تھے۔ نمائش کے اصولوں کے مطابق اگر فن پارے فروخت ہو جاتے ہیں تو اس کی رقم مصور کو ادا کی جاتی اور بصورت دیگر فن پارے مصور کے حوالے سے کردیے جاتے۔
صفدر علی کا کہنا ہے کہ تقاضہ کرنے پر اسے فن پارے واپس نہیں ملے اور کہا گیا کہ وہ گم ہوگئے ہیں۔ اب ڈراما سیریل ” کبھی میں کبھی تم ” کے ایک منظر میں اسے اپنے فن پارے نظر آئے تو سوشل میڈیا پر ایک ہنگامہ مچ گیا۔ ڈرامہ ’کبھی میں کبھی تم‘ کے پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بگ بینگ انٹرٹینمنٹ کا اس حوالے سے کوئی تعلق نہیں ہے، شوٹنگ کے لیے یہ مقام کرایے پر لیا گیا تھا، موقع پر موجود تمام چیزیں اس مقام کے مالک کی ہیں۔
پروڈکشن ہاؤس نے مصور صفدر علی کو متعلقہ انتظامیہ سے مسئلے پر براہ راست رابطہ کرنے کی تجویز دی ہے۔ اب سندھ کے وزیر ذوالفقار علی شاہ کا کہنا ہے کہ اگر کسی غفلت یا لاپرواہی کی ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
Discussion about this post