کراچی شرقی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کارساز ٹریفک حادثہ کیس میں مرکزی ملزمہ نتاشا کو بری کردیا۔ حادثے کے شکار باپ بیٹی کے اہل خانہ کی جانب سے صلح نامہ جمع کروانے کے بعد یہ پیش رفت سامنے آئی ہے۔26 اکتوبر کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی شرقی کی عدالت میں کارساز حادثہ کیس میں متاثرین کے اہلخانہ نے عدالت میں حلف نامہ جمع کرایا تھا، سماعت کے دوران مرکزی ملزمہ نتاشا عدالت میں پیش ہوئی تھیں۔ حلف نامہ میں کہا گیا تھا کہ ہم خدا کی رضا کے لیے نتاشا کو معاف کرتے ہیں۔ عدالت نے حلف ناموں کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کردی تھی۔ یاد رہے کہ 30 ستمبر کو سندھ ہائی کورٹ نے کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشا کی منشیات کے مقدمے میں 10 لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی تھی۔ اس سے قبل 6 ستمبر کو کراچی کی مقامی عدالت نے کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشا کی مرکزی مقدمے میں ایک لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کی تھی۔
اسی روز کارساز حادثہ کیس کی مرکزی ملزم نتاشا دانش اور جاں بحق ہونے والے دو افراد کے لواحقین کے درمیان معاہدہ ہوا تھا۔ یاد رہے کہ کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی تھی، حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا۔
Discussion about this post