اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کےساتھ تاریخی تعلقات ہیں، سعودی عرب میں 28 لاکھ پاکستانی روزگار کمارہے ہیں۔ بشریٰ بی بی کے سعودی عرب پر الزامات شرمناک ہیں، سیاست بچانےکےلیے دوست ملک الزامات انتہائی گھٹیا حرکت ہے، بشریٰ بی بی نے متنازع بیان سیاست کی ڈوبتی کشتی بچانےکے لیے دیا۔ خواجہ آصف کے مطابق پی ٹی آئی قیادت کی طرف سے مذہبی دیوالیہ پن کا بھی مظاہرہ کیا گیا، یہ لوگ خود کومذہب کا ٹھیکدار سمجھتے ہیں، بشریٰ بی بی اپنے آپ کو شریعت کہہ رہی ہیں، بشریٰ بی بی نے مذہب کی بھی توہین کی ہے۔ وفاقی وزیر دفاع کے مطابق تحریک انصاف میں خواتین کے درمیان جھگڑا چل رہا ہے، یہ سارا جھگڑا سیاسی جماعت کی وراثت کے لیے ہو رہا ہے، بھابھی اور نندوں کی وراثت کی لڑائی میں 3 خواتین ایک طرف اور بشریٰ بی بی دوسری طرف ہیں، رہائی کے بعد بشریٰ بی بی کا پشاور جانا، اس سے بظاہر لگتا ہے کہ سیاسی وارث وہ بن رہی ہیں۔ ملکی سیاست میں بہت پستی دیکھی گئی لیکن ایس پستی نہیں دیکھی جیسا سیاسی وراثت کا دعویٰ بشریٰ بی بی نے کہا ہے، اس کے علاوہ جس طرح سے مذہب کا استعمال کیا گیا، اس طرح سے اس کی بھی توہین کی گئی۔ ایک معتبر صحافی کے توسط سے سابق آرمی چیف کا بیان آچکا ہے، الزامات کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے قمرجاوید باجوہ کو ذاتی طور پر خود اس کی تردید کرنی چاہیے۔ جس ملک کے خلاف بیان دیا، وہاں سے گھڑی لے کر انہوں نے کاروبار کیا۔ خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کی قیادت نہیں چاہتی ہے بانی پی ٹی آئی رہا ہوں، بانی پی ٹی آئی رہا ہوگئے تو پارٹی رہنماؤں کی دکان نہیں چلے گی۔
Discussion about this post