اسپیکر مشتاق غنی نے 115 ارکان سے حلف لیا۔ افتتاحی اجلاس میں شدید نوعیت کی بدنظمی اور دھکم پیل دیکھنے کو ملی۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے زبردستی اسمبلی ہال میں گھسنے کی کوشش کی۔ اسی ہلڑ بازی کی وجہ سے اسمبلی اجلاس طے شدہ وقت 11 بجے شروع نہ ہوسکا۔ اجلاس کے دوران اسمبلی اور اطراف کے علاقوں میں انٹر نیٹ سروس جزوی طور پر متاثر رہی۔ صورتحال اس وقت اور زیادہ کشیدہ ہوگئی جب نون لیگ کی رکن ثوبیہ شاہد نے ایوان میں گھڑی لہرا کر سب کو دکھانی شروع کردی۔
گیلری میں موجود پی ٹی آئی کارکنوں نے ہال کے اندر سے ثوبیہ شاہد پر لوٹا، بال پوائنٹ، کاغذ، خالی بوتل اور جوتے پھینکے۔ بہرحال اس دھکم پیل کے باوجود ارکان نے حلف اٹھایا۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف نے قائد ایوان کے لیے علی امین گنڈا پور جبکہ بانی پی ٹی آئی نے خیبر پختون خوا اسمبلی کے اسپیکر کے لیے بابر سلیم کو نامزد کیا ہے۔ بابر سلیم مانسہرہ سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہوئے ہیں۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے پی اسمبلی کا انتخاب جمعرات کو ہو گا۔
Discussion about this post