وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی میزبانی میں گرینڈ جرگہ وزیراعلی ہاؤس میں جاری ہے جس میں وفاقی حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے بھی شرکت کی۔ جرگے میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین خیبر پختونخوا اسمبلی اور دیگر پارلیمنٹیرینز نے شرکت کی جب کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھی جرگے میں اپنی اپنی جماعتوں کی نمائندگی کی۔ پی ٹی آئی کی طرف سے شرکت کے لیے چیئرمین بیرسٹر گوہر بھی پہنچ چکے ہیں۔ جرگے میں شریک نمایاں سیاسی شخصیات میں ایمل ولی خان، پروفیسر ابراہیم، محسن داوڑ، میاں افتخار حسین، محمد علی شاہ باچا، سکندر شیرپاؤ، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام اور دیگر شریک ہیں۔۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ اُن کی دعوت پر جرگے میں شرکت کرنے پر تمام پارلیمنٹیرینز اور سیاسی قائدین کے مشکور ہیں ، اس جرگے کی قیادت کے لئے اعتماد کرنے پر بھی وہ تمام پارلیمنٹیرینز اور سیاسی قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ شہری چاہے ان کا تعلق عام عوام سے ہو یا فورسز سے انکی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری اور ترجیح ہے، امید ہے کہ اس جرگے کے ذریعے درپیش مسئلے کے پر امن حل کے لئے راستہ نکالنے میں کامیاب ہونگے۔ علی امین کے مطابق کسی بھی مسئلے کا حل تصادم یا تشدد نہیں بلکہ مذاکرات ہی سے ممکن ہے، اس مقصد کے لئے پشتون روایات کے مطابق آج یہ جرگہ منعقد کیا ہے، جرگے میں شریک تمام سیاسی قائدین کی آرا اور تجاویز کا بھر پور احترام کیا جائے گا۔ اس موقع پر گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبہ کا امن ترجیحات اور آج کے جرگہ کا اکلوتا ایجنڈا ہے، جرگے کے انعقاد پر صوبائی حکومت کا شکر گزار ہیں ، اختلافات کے باوجود صوبے کے امن کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں، مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہیں۔
Discussion about this post