صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی ایوانِ صدر اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور سعودی عرب نے مضبوط شراکت داری قائم کرنے اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور دہائیوں پرانا رشتہ ہے ، پاکستان سعودی عرب سے تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں بدلنا چاہتا ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی دنیا کی خوش حالی سعودی عرب کی ترقی سے وابستہ ہے۔ اس موقع پر سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ اُن کا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، سعودی عرب پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کرنے کے لیے پُر عزم ہے۔ اس موقع پر فریقین نے علاقائی صورتِ حال اور مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ دونوں ممالک نے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور غزہ میں اسرائیلی مظالم بند کرنے پر زور دیا۔
Discussion about this post