کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی بازارِ حصص میں آغاز ہوتے ہی غیر معمولی تیزی دیکھی جا رہی ہے، جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 254 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 85918 پوائنٹس کی نئی تاریخ ساز سطح پر پہنچ گیا۔ مارکیٹ میں بھی تیزی کا رجحان جاری رہا اور 463 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ کے ایس ای 100 انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی بار 86000 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح بھی عبور کرتے ہوئے 86127 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ افراط زر میں کمی کے تناسب سے شرح سود میں نمایاں کمی کی توقعات، آئی ایم ایف پروگرام میں شمولیت کے بعد پاکستان میں شعبہ جاتی بنیادوں پر غیرملکی سرمایہ کاری کے راستے کھلنے، سعودی عرب اور خلیجی ممالک کی آئل اینڈ گیس سیکٹر میں ممکنا سرمایہ کاری جیسے امور کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں آج بدھ کو بھی مسلسل تیسرے روز بڑی نوعیت کی تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ منگل کو بھی بازارِ حصص میں تیزی کے سب کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 85663 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔
Discussion about this post