لاہور ہائی کورٹ نے انسداد دہشتگردی عدالت سرگودھا کے جج کو مبینہ ہراساں کرنے کے ازخود نوٹس کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ جسٹس شاہد کریم کے 4 صفحات پر مشتمل تحریری حکم کے مطابق اانٹیلیجنس بیورو (آئی بی)، انٹر سروس انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) وزیر اعظم کے ماتحت ہیں، ان کو ذمہ داری لینی ہوگی۔ جسٹس شاہد کریم نے عدلیہ میں مداخلت روکنے کے لیے 5 نکاتی ایس او پیز جاری کرتے ہوئے وزیراعظم آفس سے کہا کہ آئی بی اور آئی ایس آئی سمیت تمام سول اور ملٹری ایجنسیوں کو ہدایت جاری کریں کہ وہ مستقبل میں اعلا عدلیہ اور ماتحت عدلیہ کے کسی بھی جج یا ان کے عملے کو اپروچ نہ کریں۔ آئی جی پنجاب بھی ماتحت افسروں کو عدلیہ میں مداخلت سے روکنے کی ہدایات جاری کریں، اے ٹی سی عدالتوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے اگر کوئی حفاظتی اقدامات کرنے ہیں تو متعلقہ جج سے مشاورت کی جائے۔ حکم نامے کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے ججز اپنے موبائل میں ریکارڈنگ ایپ ڈاون لوڈ کریں، پنجاب کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتیں 9مئی کے تمام کیسز کا ترجیحی بنیادوں پر فیصلہ کریں۔
Discussion about this post