اپوزیشن لیڈر رعنا انصار اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جسٹس ( ر) مقبول باقر کا نام گورنر سندھ کو بھیجا جنہوں نے سندھ کے نئے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے ان کے نام کی منظوری دے کر نوٹی فکشن بھی جاری کردیا۔ توقع کی جارہی ہے بدھ کو نئے وزیراعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب ہوگی۔ رعنا انصار اور مراد علی شاہ کے درمیان ہونے والی مختلف ملاقاتوں میں جسٹس ( ر) مقبول باقر کے نام پر اتفاق ہوا تھا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے مطابق اس معاملے پر گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے رہنما صبغت اللّٰہ راشدی سے بھی بات ہوئی۔ سندھ کے نئے نگراں وزیراعلیٰ جسٹس ( ر) مقبول باقر 2015 میں سپریم کورٹ کے جج مقرر ہوئے۔ 1957 میں جنم لینے والے مقبول باقر نے کراچی سے ایل ایل بی کیا اور پھر 1981 میں وکالت سے منسلک ہوئے۔ 2002 میں سندھ ہائی کورٹ کے جج بھی رہے اور پھر 2013 میں چیف جسٹس سندھ ہائی مقرر ہوئے، اسی طرح 2015 میں سپریم کورٹ کے جج مقرر ہوئے۔ جسٹس ( ر) مقبول باقر 4 اپریل 2022 کو سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے۔ یاد رہے کہ 2013 میں ان کا پر دہشت گردانہ حملہ بھی ہوا تھا جس میں وہ زخمی ہوئے تھے جبکہ ان کی سیکوریٹی پر مامور 9 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔
Discussion about this post