کرائسٹ چرچ میں تین ملکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان نے میزبان نیوزی لینڈ کو باسانی 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ کی خاص بات محمد نواز کی آل راؤنڈر پرفارمنس تھی۔ جنہوں نے مسلسل دوسرے میچ میں پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ محمد نواز نے پہلے بالنگ کے ذریعے ایک شکار کیا اور جب پاکستانی بیٹنگ لائن اپ مشکل سے دوچار تھی تو حیدر علی اور افتخار احمد کے ساتھ مل کر 164 رنز کے ہدف کو عبور کرایا۔
پلئیرآف دی میچ محمد نواز نے شاندار 38 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگ کھیلی۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 163 رنز کے لیے 7 کھلاڑیوں کا خسارہ برداشت کیا۔ نیوزی لینڈ کی اننگ کے خاص بات کپتان کین ولیم سن کی 59 رنز کی اننگ رہی۔ ان کے علاوہ فلپس نے 29 اور مارک نے 25 رنز بنائے ۔ پاکستان کی جانب سے محمد وسیم اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستانی ٹیم کو 29 رنز پر اس وقت پہلا نقصان برداشت کرنا پڑا جب بابراعظم 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی طرف سے رضوان نے 34 جبکہ شان مسعود نے 19 رنز کیے۔ کئی میچوں میں ناکام رہنے والے حیدر علی تیز رفتار 31 رنز بنائے جبکہ نواز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہنے والے افتخار احمد نے 25 رنز کی اننگ کھیلی۔
ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی کیوی اسپنر برس وال کو 8 کھلاڑیوں کے شکار پر ملا ۔ پاکستانی ٹیم اب ہفتے کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے آسٹریلیا روانہ ہوگی۔
Discussion about this post