نوکری کی تلاش میں بیرون ملک جانے والی حمیدہ بانو سے 20 سال بعد اہلخانہ سے رابطہ ہوا تو وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگیں۔ 70 سالہ حمیدہ بانو کی اہلخانہ سے ویڈیو کال پاکستانی یوٹیوبرولی اللہ معروف نے کروایا، حمیدہ بانو کے مطابق 2002 میں دبئی میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرنے کے لئے بھارتی شہر ممبئی چھوڑنے کا ارادہ کیا تو ایجنٹ نے انہیں دھوکے سے دبئی کے بجائے پاکستان پہنچادیا، جہاں انہوں نے حیدرآباد میں رہائش اختیار کی اور پھر مقامی شخص سے شادی کرلی، ایک بیٹا بھی ہے، لیکن بعد میں شوہر کا انتقال ہوگیا۔
اس خاتون کی فیملی مل چکی ہے۔
بیس سال بعد انکے بچوں نے ماں سے بات کی۔
انکا گھر ممبئی میں ہے۔
ہم کیسے اسے اپنے گھر پہنچا سکتے ہیں۔۔؟
یہ اپنے گھر جانا چاہتی ہے۔@IndiainPakistan @GovtofPakistan @PakistanUN_NY pic.twitter.com/twB0aFTJ4R— waliullah Maroof (@10waliullah) August 1, 2022
معروف نے حمیدہ بانو کی کہانی اور گھر واپس جانے کی تڑپ کے بارے میں جان کر ان کی ویڈیو کو اپنے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کیا اور ممبئی میں ایک سماجی کارکن کی تلاش کی، جو ان کی مدد کرسکے اور جس کے بعد انہیں خافلان شیخ نامی شخص ملا، جس نے اپنے مقامی گروپ میں ویڈیو نشر کیا اور حمیدہ بانو کی بیٹی یاسمین بشیر شیخ کا پتہ لگایا، جو بھارتی ریاست کُرلا کے قصائی واڑہ علاقے میں رہتی ہیں۔
یاسمین نے بتایا کہ ماضی میں حمیدہ بانو گھریلو معاون کے طور پر کام کرنے کے لئے قطر بھی گئی تھیں، لیکن اس بار دبئی جانے کے لیے ایجنٹ نے والدہ کو دھوکا دیا، ہم 20 سال تک ان کے ٹھکانے سے انجان تھے۔ ایجنٹ سے رابطہ کرنے پر بھی کچھ معلومات حاصل نہ ہو پائی۔ یاسمین کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمیں خوشی ہے کہ ہماری ماں زندہ اور محفوظ ہیں۔ اب ہم چاہتے ہیں کہ بھارتی حکومت انہیں واپس لانے میں ہماری مدد کرے‘۔
Discussion about this post