پارلیمنٹ ہاؤس سے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی گرفتاری کے معاملے میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سارجنٹ ایٹ آرمز محمد اسحٰق اور 4 سیکیورٹی اہلکاروں کو معطل کر دیا۔ معلوم ہوا ہے کہ سارجنٹ ایٹ آرمز محمد اسحٰق اشرف کی 4 ماہ تک ملازمت معطل کی گئی ہے، اسی طرح سیکیورٹی اسسٹنٹ قاص احمد کے علاوہ جونیئر سیکیورٹی اسسٹنٹ عبید اللہ، وحید صفدر اور محمد ہارون کو بھی ملازمت سے 4 ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا۔ یہی نہیں اسپیکر قومی اسمبلی نے کمیٹی قائم کرکے واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔ یاد رہے کہ 9 ستمبر کو اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت اور شعیب شاہین کو گرفتار کر لیا تھا۔ جبکہ اگلے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے سے تحریک انصاف کے رہنماؤں زین قریشی، شیخ وقاص اکرم، ایم این اے نسیم الرحمٰن اور شاہ احمد خٹک کو گرفتار کرلیا تھا۔
Discussion about this post