پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں نگراں حکومت کے اختیارات سے متعلق مختلف ترامیم کو منظور کرلیا گیا۔ جس کے تحت پریزائڈنگ آفیسر کی طرف سے نتائج بروقت پہنچانے سے متعلق ترمیم بھی منظور کر لی گئی جس کے مطابق پریزائڈنگ افسر نتائج کی فوری طور پر الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ آفیسر کو روانہ کرےگا ، پریزائیڈنگ آفیسر حتمی نتیجے کی تصویر بنا کر ریٹرننگ آفیسر اور الیکشن کمیشن کو بھیجے گا، انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہوئی تو پریزائیڈنگ آفیسر اصل نتیجہ فیزیکلی پہنچانے کا پابند ہوگا۔نئی ترامیم کے بعد پریزائیڈنگ آفیسر الیکشن کی رات 2 بجے تک نتائج دینے کا پابند ہوگا، تاخیر کی صورت میں ٹھوس وجہ بتانی ہوگی جبکہ پریزائیڈنگ آفیسر کے پاس الیکشن نتائج کے لیے اگلے روز صبح 10 بجے کی ڈیڈ لائن ہوگی۔ حکومت نے نگراں حکومت کے اختیارات سے متعلق شق 230 بل سے نہ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق نگراں حکومت کو دو فریقی اور سہ فریقی معاہدوں کا اختیار ہوگا۔ نگراں حکومت کو پہلے سے جاری منصوبوں پر اداروں سے بات کرنے کا حق بھی ہوگا۔
Discussion about this post