نرگس اور ان کے شوہر انسپکٹر بشیر احمد کی طرف سے لاہور کی مقامی عدالت میں صلح نامہ جمع کرایا گیا، جس کے تحت دونوں فریقین نے باہمی رضامندی سے اختلافات ختم کردیے۔ اداکارہ نرگس کے وکیل کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین نے قریبی رشتے داروں اور خاندان کے بزرگ افراد کے کہنے پر صلح کی۔انسپکٹر بشیر نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کی طرف سے عبوری ضمانت کی دائر کردہ درخواست کو واپس لینے کی منظوری دی جائے۔ عدالت نے انسپکٹر بشیر کی درخواست قبول کرتے ہوئے ان کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کرتے ہوئے صلح نامے کو قبول کرلیا۔
معلوم ہوا ہے کہ انسپکٹر بشیر احمد اور نرگس کے درمیان صلح نامے کے نکات منظر عام پر نہیں آئے۔ یاد رہے کہ اداکارہ نرگس نے شوہر کے خلاف بدترین جسمانی تشدد کا مقدمہ دائر کرایا تھا، جس کے بعد شوہر نے قبل از گرفتاری ضمانت لے لی تھی۔ اداکارہ نرگس نے نومبر 2024 میں شوہر پر بدترین تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف لاہور کے علاقے ڈیفینس کے تھانے میں مقدمہ دائر کرایا تھا۔ شوہر کی طرف سے مبینہ تشدد کیے جانے کے بعد نرگس کی تشدد کی ویڈیوز اور تصاویربھی جاری ہوئیں۔
Discussion about this post