نیویارک اسٹیٹ اسمبلی اور سینیٹ کا پاکستانی نژاد امریکیوں کے اعزاز میں تاریخی قراردادوں کی منظوری پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی قابل قدر خدمات کے اعتراف میں، نیویارک اسٹیٹ اسمبلی اور سینیٹ نے متفقہ طور پر دو تاریخی قراردادیں منظور کی ہیں۔ ان قراردادوں کے تحت 23 مارچ "پاکستانی-امریکی ورثہ کا دن” اور 19 مارچ 2025 کو "پاکستانی-امریکی کاروباری جشن کا دن” کے طور پر منایا جائے گا۔یہ قراردادیں اسمبلی میں اسمبلی ممبر نادر سیّغ اور سینیٹ میں سینیٹر جان لیو کی جانب سے پیش کی گئیں، جو پاکستانی نژاد امریکیوں کی متنوع خدمات کے اعتراف میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی، جو امریکہ میں سب سے بڑی ہے، نے تعلیم، طب، سائنس، ٹیکنالوجی، کاروبار، اور صنعت جیسے شعبوں میں نمایاں کارنامے سرانجام دیے ہیں۔ پاکستانی امریکی کاروباری جشن کا دن کی قرارداد پاکسانی نژاد امریکی کاروباری افراد کی کاروباری روح کو اجاگر کرتی ہے۔ یہ ان کے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، اقتصادی ترقی، اور محلوں کی بحالی میں اہم کردار کو تسلیم کرتی ہے، نیز ریاست کی ثقافتی اور
سماجی ساخت کو مضبوط کرنے میں ان کی کوششوں کو سراہتی ہے۔اس اہم موقع پر امریکہ میں پاکستان کے سفیر، رضوان سعید شیخ اور قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے البانی میں اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں میں شرکت کی۔ جہاں انہیں امریکن پاکستانی ایڈوکیسی گروپ کے صدر علی رشید کے ساتھ اعزاز سے نوازا گیا۔ سفیررضوان شیخ نے اس موقع پر ان قراردادوں کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ پاکستان اور نیویارک کے درمیان مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گی۔ انہوں نے اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور نئے سرمایہ کاری مواقع کی تلاش کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ سفیر رضوان شیخ نے کہا، "ہم نیویارک اسٹیٹ اسمبلی اور سینیٹ کے معزز اراکین کے شکر گزار ہیں جنہوں نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی خدمات کو تسلیم کیا۔ میں خاص طور پر اسمبلی ممبر نادر سیّغ اور سینیٹر جان لیو کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ اقدام امریکن پاکستانی ایڈوکیسی گروپ کی قیادت میں اور نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل کی حمایت سے ممکن ہوا۔ یہ قراردادیں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی مستقل خدمات اور نیویارک اسٹیٹ میں ان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا ثبوت ہیں۔
Discussion about this post